1730 ارب کا سندھ بجٹ 10 جون کو پیش ہوگا،تیاریاں مکمل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کا سالانہ بجٹ برائے مالی سال 2023-24 کی تیاریاں مکمل کرلی گئی،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 10 جون کو سندھ اسمبلی میں 11 ویں بارسندھ بجٹ کا تخمینہ ایوان میں پیش کریںگے،اس سے قبل انہیں 10 بجٹ ایوان میں پیش کرنیکا اعزازحاصل ہے۔

سندھ اسمبلی کا بجٹ اجلاس شام چاربجے منعقد ہوگا،قبل ازیں سندھ کابینہ کا اجلاس ہوگا جس میں بجٹ تجاویزکی منظوری دی جائیگی اور11 جون کو مراد علی شاہ پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کریںگے،ذرائع کے مطابق سندھ بجٹ کا تخمینہ ایک ہزار 730 ارب روپے پرمشتمل ہونے کا امکان ہے،سندھ بجٹ میں غریبوں کیلئے گھروں کے تعمیرکیلئے 2.5 ارب روپے،غریب گھرانوں کو مویشیوں کی فراہمی کیلئے 75 کروڑ،موجودہ یتیم خانوں کی اصلاح اورقیام کیلئے 10 ارب روپے،اولڈ ایج ہومزکیلئے 10 کروڑ،سندھ پیپلزسپورٹ پروگرام کیلئے 15 ارب روپے مختص کیے جانیکا امکان ہے۔

بجٹ میں سندھ حکومت 7 اضلاع میں یونیورسٹی یا یونیورسٹی کیمپس قائم کرنے کا اعلان کریگی جس میں کورنگی،کراچی ویسٹ،کیماڑی، ملیر،ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیاراورسجاول شامل ہیں،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کیلئے اگلے مالی سال بجٹ 8.5 ارب روپے سے بڑھا کر 12.5 ارب روپے اورمحکمہ سماجی تحفظ کیلئے 15 ارب 75 کروڑ روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے،نئےمالی سال کے بجٹ میں صحت،تعلیم،امن و امان،انفرااسٹرکچرڈیولپمنٹ،آب پاشی کی تعمیر نو،نکاسی آب،تیزی سے بدلتی موسمیاتی صورتحال کے سبب زرعی سیکٹرکی صورتحال کو ٹارگٹ کرنے کے علاوہ اہم ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوگا۔