16 ملزمان کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل ہوں گے ۔ فائل فوٹو
16 ملزمان کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل ہوں گے ۔ فائل فوٹو

کور کمانڈر ہاﺅس حملہ کیس، شرپسندوں کے خلاف فوجی عدالتوں میں کارروائی شروع

لاہور:9 مئی کو کور کمانڈر ہاؤس پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف فوجی عدالتوں میں کارروائی شروع کردی گئی۔

انسدادہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث سابق ایم پی اے میاں اکرم عثمان سمیت 16 ملزمان کمانڈنگ آفیسر کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں کمانڈنگ آفیسرکی کور کمانڈر ہاﺅس لاہور میں جلاﺅ گھیراﺅ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں ملوث16 ملزمان کی حوالگی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی،انسداد دہشتگردی عدالت نے کمانڈنگ افسر کی استدعا کو منظورکرلیا،عدالت نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کمانڈنگ آفیسرکے حوالے کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے سابق ایم پی اے میاں اکرم عثمان سمیت 16 ملزمان کو کمانڈنگ آفیسر کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا۔

فیصلے میں کہاگیاہے کہ کمانڈنگ افسر کے مطابق ملزمان آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے سیکشن 7 ،3 اور9 کے تحت قصور وار پائے گئے ،ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ1952 کے تحت ٹرائل ہوسکتا ہے،پراسیکیوشن نے کمانڈرکی درخواست پر اعتراض نہیں کیا۔

فیصلے میں مزید کہاگیاہے کہ سپرٹینڈنٹ کیمپ جیل 16 ملزمان کو مزید کارروائی کیلیے کمانڈرآفیسرکے حوالے کردے،16 ملزمان کے ملٹری کورٹس میں ٹرائل ہوں گے ۔

ذرائع کے مطابق 16 ملزمان میں عمار ذوہیب، علی افتخار، علی رضا، محمد ارسلان، محمد عمیر، محمد رحیم، ضیا الرحمٰن، وقاص علی، ریئس احمد، فیصل ارشد، محمد بلال، فہیم حیدر، ارضم جنید، میاں محمد اکرم عثمان، محمد حاشر خان اور حسن شاکر شامل ہیں۔