9 مئی میں ملوث سیاستدانوں کیخلاف کارروائی کی جائے،پاکستان یکجہتی کونسل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان یکجہتی کونسل نے سانحہ 9 مئی میں ملوث سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی سمیت سخت سزاؤں کا مطالبہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب میں پاکستان یکجہتی کونسل کے مرکزی رہنما مفتی عبدالقادر جعفر نے کہا کہ سانحہ 9مئی کے حادثات،واقعات سے اچھی طرح آگاہ ہیں اس روز عوامی احتجاج کے نام پر ایسا فساد برپا کیاگیا کہ اسکی مثال پاکستان کی 76سالہ تاریخ میں نہیں ملتی۔معمار پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کے نوادرات کو جناح ہاؤس پر حملے میں جلادیاگیا وہاں موجود اولڈ مسجد کو جلایا گیا، کورکمانڈ رکے گھر میں توڑ پھوڑ کی گئی،زیارت میں قائد اعظم کی رہائشگاہ کو جلایاگیا، کراچی کی معروف شاہراہ شارع فیصل پر سرکاری ٹرانسپورٹ کو جلایاگیا اس سانحہ میں ملوث بعض عناصر نے انتہائی غلیظ جملے گالی گلوچ کی اور اُن کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرکے پوری دنیا میں پھیلایاگیا۔ لاہور میں پاکستان آرمی کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیاگیا اس دوران پاک آرمی کے مسلح نوجوانوں نے کمال صبروبرداشت کامظاہرہ کیا اگر وہ گاڑیوں سے اُتر کر بلوائیوں پر فائرنگ کرتے تو بہت بڑے پیمانے پر قتل وغارت کا خدشہ تھا۔ اب اکثروبیشتر ملزمان گرفتار ہوچکے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں ان واقعات کی پلاننگ کرنے والوں کے بارے میں ہوشربا انکشافات کئے ہیں اور مزید سلسلہ جاری ہے۔ سانحہ 9مئی کے واقعات کا جائزہ لیا جائے تو اندازہ ہوتا ہے جس طرح ماضی قریب میں اسلام مخالف سامراجی طاقتوں نے اپنے گماشتوں کے ذریعے برادر اسلامی ممالک عراق،یمن، شام اور لیبیا میں گھناؤنا کھیل کرکے ان کے دفاع کو ختم کردیا آج اُن ممالک میں کسی مسلمان کی جان، مال،عزت وآبرو محفوظ نہیں۔سانحہ 9/مئی بھی پاکستان کے دفاعی حصار کو توڑ نے کی سازش تھی لیکن اللہ کے فضل وکرم سے بزدل دشمن کی تمام سازشیں ناکام ہوگئیں اور پاکستان کے عوام کی اکثریت کے ساتھ ساتھ مذہبی، سیاسی،سماجی جماعتوں اوربالخصوص علماء کرام،مفتیان کرام نے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کاکمال مظاہرہ کیا اور آج پاکستان یکجہتی کونسل علماء کمیٹی کے جید علماء الشیخ الحدیث حضرات نے یہ متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ جوبھی شخص یا گروہ مملکت ِ خدادادِ پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش یا کسی سامراجی قوت کا آلہ کار بن کر ملک پاکستان کے اندر بدامنی اور انتشار پھیلانے کی کوشش کرے گا جب کہ پاکستان روح زمین میں واحد اسلامی ایٹمی قوت ہے اس کو کمزور کرنے کی جوبھی کوشش کرے گا اُس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔‘‘اللہ تعالیٰ نے سورۃ المائدہ میں ارشاد فرمایا اُ ن کی بھی یہی سزا ہے جواللہ اور اُس کے رسول سے لڑتے ہیں اور ملک میں فساد کرنے کو دوڑتے ہیں یہ کہ اُنہیں قتل کیاجائے اور وہ سولی پر چڑھائے جائیں اور اُن کے ہاتھ اورپاؤں مخالف جانب سے کاٹے جائیں، یا وہ جلاوطن کردیئے جائیں یہ ذلت اُن کیلئے دنیا میں ہے اور آخرت میں اُ ن کیلئے بڑا عذاب ہے’’۔ پریس کانفرنس میں شریک علامہ عبدالخالق فریدی، مفتی عبدالقادر جعفر، کنور قطب الدین خان، شیخ الحدیث مولانا یار محمد، مفتی عبدالماجد نقشبندی،علامہ روشن دین الرشیدی، مفتی یوسف شاہ ترمذی، الشیخ مولانا آیت الرحمان، مفتی ولی اللہ خالد، مفتی ضیاء الدین، حافظ ادریس، مولانا عبدالباقی کاکڑ نے پریس کانفرنس میں حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحے میں ملوث ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر سخت سے سخت سزائیں دی جائیں تاکہ فساد کا مکمل خاتمہ ہوسکے۔ گرفتار ملزمان کی طرف سے اس نشاندہی پر کہ ان کو فلاں رہنماؤں نے اُکسایا اُن کی گرفتاری میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔بعض نامزد ملزمان جوکہ سیاسی اثرورسوخ کے حامل تھے کو جن رہنماؤں نے گرفتاری سے بچانے کیلئے پناہ اور اُن کی سفارشیں کیں اُن کو گرفتار کیاجائے۔ ماسٹر مائنڈ سیاستدانوں کے الیکشن میں حصہ لینے پر تاحیات پابندی لگائی جائے اور اُن کو نااہل قرار دیاجائے۔سوشل میڈیا پر گھٹیا زبان اور سرقیانہ جملوں کی اشاعت پر پابندی عائد کی جائے،سوشل میڈیا کے ذریعے افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والوں کے بیرون ملک دشمن قوتوں کے ساتھ رابطوں کی انکوائری کی جائے اور حقائق ثابت ہونے پر اُ ن کو سزاد ی جائے۔ ہم حکومت سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ سزائیں دیتے وقت کسی مجرم کے سیاسی اثرورسوخ کی پرواہ نہ کریں اور نہ ہی اس کی گروہی طاقت سے متاثر ہوں۔