گجرات ( اُمت نیوز) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جدید پاکستان کی بنیاد مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے رکھی۔
کوٹلہ ارب علی خاں میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ن لیگ جب بھی اقتدار میں آئی ہمیں مدت مکمل نہیں کرنے دی گئی ، مسلم لیگ ن نے نوجوانوں کیلئے ہمیشہ ایسے اقدامات کئے جس سے انہیں آگے بڑھنے کا موقع میسر ہوا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف وہ پہلے وزیراعظم ، وزیراعلیٰ ہیں جنہوں نے وزراء کے کوٹے ختم کئے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ سرکاری محکموں کے اندر میرٹ پر ملازمتوں کا نظام رائج کیا ، موبائل فون کی پاکستان میں ٹیکنالوجی لانا نوازشریف کا کارنامہ ہے، موبائل ٹیکنالوجی کی انفارمیشن کی بدولت پاکستان کا امیج دنیا بھر میں پھیلا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے یونیورسٹی، کالجز، سکولز، پارک قائم کر کے نوجوان نسل کی ترقی کے راستے بنائے، جب سیاسی کارکن پکڑے جاتے ہیں تو ہمیں اچھا نہیں لگتا، ہم بھی سیاسی کارکن ہیں، عمران خان کو اس کے تکبر،غلط فہمی اور دماغی خناس نے آج اس مقام پر لا کھڑا کیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج عمران خان کا کوئی ساتھ دینے والا نہیں ہے، اس نے حرکتیں ہی ایسی کی ہیں، عمران خان نے لوگوں کو گمراہ کیا، تاریخ گواہ ہے، نوجوانوں میں بدگمانیاں پیدا کیں، مخالفین کی غلطی ہے تو آپ کو حق ہے آپ تنقید کریں، آپ جھوٹے الزامات نہیں لگا سکتے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آج عمران خان کی خاتون خانہ عدالتوں میں جا رہی ہے، پہلے مخالفین کی خواتین کو عدالتوں میں بلواتے تھے وہ اچھا تھا کیا؟ آپ کو زیب دیتا تھا؟