اسلام آباد(امت نیوز) سینیٹ میں پی ٹی آئی کے اپوزیشن لیڈر شہزاد وسیم نے 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ سیاسی قیادت بے یقینی اور افراتفری کو ختم کرتے ہوئے جمہوریت کو آگے بڑھائے، اس وقت سنجیدہ اور معاملہ فہمی کے ساتھ چیلنجز سے نکالنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت اپوزیشن لیڈر مجھ پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ مشکل وقت میں اپنا پارلیمانی کردار ادا کروں گا، یقین ہے میرے ساتھی سینیٹرز بڑے مقاصد کیلئے میری معاونت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے عمران خان سے رابطہ نہیں ہوا۔
شہزاد وسیم کا کہنا تھاکہ ایک مرتبہ پھر 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتا ہوں اور شہدا کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہوں، 9 مئی کے واقعات پر مفروضوں پر بات نہیں کرنی چاہیے، سنجیدہ تحقیقات کے بعد جو لوگ ملوث ہوں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔