راولپنڈی (اسٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں گھر کے اندر گیس سلنڈر دھماکا، ماں اور چار کمسن بہن بھائی جھلس کرجاں بحق ہو گئے، متاثرہ خاندان کا تعلق ایبٹ آباد کی یوسی پلک کے گائوں ریالہ سے ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں واقع ایک گھر میں ہفتے کی صبح گیس لیکج کے باعث سلنڈر پھٹنے سے اچانک خوفناک دھماکہ ہوا ،جس کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں تاہم اس دوران بدقسمت خاندان پر قیامت گزر چکی تھی اور لمحوں میں دو بچے جاں بحق ہو چکے تھے ، جبکہ ماں ایک بیٹا اور بیٹی شدید زخمی تھے جنھیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچایا گیا۔ امت کو ملنے والی معلومات کے مطابق علاقے میں گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث متاثرہ گھر کے افراد گیس سلنڈر استعمال کرتے تھے ، ہفتے کی صبح جب بچوں کی ماں نورین بی بی نے ناشتہ بنانے کے لیے چولہا جلایا تو اچانک ایک زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں گھر کے اندر آگ لگ گئی اور بستر پر موجود دو بچے جھلس کر موقع ہی پر جاں بحق ہوگئے اور ماں سمیت ایک بیٹا اور ایک بیٹی جل کر شدید زخمی ہوگئے جنھیں ریسکیو اہلکاروں نے راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال منتقل کیا، افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والا ایک بچہ بھی بعد ازاں ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا جس سے جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد تین ہو گئی ،ان بچوں کی نماز جنازہ شام چھ بجے ڈھوک کالا خان میں ادا کی گئی تاہم کچھ دیر بعد اطلاع ملی کہ ماں کے ساتھ زخمی ہونے والی ننھی فاطمہ بھی اسپتال میں چل بسی ہے جس کی نماز جنازہ رات دس بجے ادا کی گئی جہاں ہر آنکھ اشکبار تھی۔گیس دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2سالہ محمد،12سالہ علیشبا ،8 سالہ شاہزیب اور پانچ سالہ فاطمہ شامل ہیں ، جبکہ بچوں کی ماں نورین بی بی ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج تھی ، ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ کے نتیجے میں بچوں کی ماں 35 سالہ نورین بی بی اور کمسن بچی پانچ سالہ فاطمہ دونوں کا جسم 70 فیصد تک جل چکا تھا جس کے نتیجے میں بچی جا بحق ہو گئی جبکہ ماں کی حالت بھی تشویشناک ہے تاہم رات ساڑھے دس بجے یہ المناک خبر ملی کہ بدقسمت ماں بھی زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسی ہے۔سلنڈر دھماکہ