وزیراعظم شہباز شریف کا یوم تکبیر پر پیغام

اسلام آباد(اُمت نیوز) آج یوم تکبیر پروزیراعظم شہباز شریف نے پیغام جاری کرتے ہوئے پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تکبیر کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 25 سال قبل آج ہی کے دن اہل پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 5 جوہری دھماکے کرکے اپنے دفاع کے ناقابل تسخیر ہونے کا اعلان کیا تھا،یہ دن ہمارے اس ازلی و ابدی عزم کا اظہار تھا کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد ہی رہیں گے،کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا، ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج میں اس وقت کے وزیراعظم اور میرے قائد محمد نواز شریف کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے صرف اللہ تعالیٰ کی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے کسی سوپر پاور کی دھمکیوں کی پرواہ کی اور نہ ہی اربوں ڈالر کی لالچ ہی انہیں ان کے آہنی عزم و ارادے سے ہٹا سکی۔ نواز شریف نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بناکر پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت بنایا۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہم ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور اس کے لئے قربانیاں دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں ڈاکٹر عبد القدیر خان مرحوم سمیت پاکستان کے جوہری پروگرام کے تمام ہیروز، سائنسدانوں، انجینئرز سمیت کارکنوں اور کسی بھی شکل میں اس کا حصہ رہنے والے تمام افراد کو سلام پیش کرتا ہوں،میں پاکستان کے ان تمام دوست ممالک خاص طور پر برادر سلطنت سعودی عرب کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو پاکستان کے محسن ہیں، جب پاکستان کو اس کی آزادی، خودمختاری اور دفاع کے حق پر عالمی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تو ہمارے ان عظیم محسنوں نے بین الاقوامی دباؤ خاطر میں نہ لاتے ہوئے پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستانی قوم اس احسان کو کبھی نہیں بھول سکتی،آج کے دن کا سبق یہ ہے کہ قوم متحد ہو کر ہر مشکل کا سامنا کر سکتی ہے اور سرخرو ہو سکتی ہے۔

وزیرا عظم شہبا ز شریف نے کہا کہ "آج کے اس مبارک دن میں اپنے دل کی یہ انتہائی آرزو بھی بیان کرنا چاہتا ہوں کہ ہمیں پاکستان کو اب معاشی قوت بنانا ہے۔ اس کے لئے ہمیں وہی اتحاد ، عزم، توجہ اور تسلسل درکار ہے جس کا مظاہرہ ہماری قوم نے جوہری پروگرام کے لئے کیا۔ آج کی دنیا میں ہدف معیشت ہے۔ معاشی کمزوری دور کرنا آج کا ایٹمی پروگرام ہے۔