لاہور(اُمت نیوز)9 مئی کو جناح ہاؤس لاہور پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے 46 کارکنان کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر انسداد دہشتگردی عدالت میں سماعت ہوئی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اعجاز احمد بُٹر نے سماعت کی جبکہ ملزمان کے وکلاء نے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل دیے۔ اس موقع پر عدالت نے کہا کہ کچھ ملزمان کی درخواست ضمانت پر دلائل ہونا باقی ہیں، آئندہ سماعت پر وکلاء اپنے دلائل مکمل کریں جس کے بعد تمام درخواستوں پر ایک ساتھ فیصلہ سنایا جائے گا۔
اس کے بعد عدالت نے ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت 2 جون تک ملتوی کردی۔ خیال رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے 11 مئی کو ان ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا جبکہ پراسیکیوشن نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوانے کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے۔ ان ملزمان کیخلاف تھانہ سرور روڈ کینٹ میں مقدمہ درج ہے۔