فرانس(اُمت نیوز)شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے اور 28 مئی یوم تکبیر کی 25 ویں سالگرہ کےحوالے سے فرانس کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع پیرس میں منعقد ہوا۔
اجتماع میں راجہ علی اصغر، سردار ظہور اقبال، حاجی نثار احمد، چوہدری افضل لنگا، چوہدری نوید پکھوال، چوہدری نعیم اختر اور محترمہ روحی بانو شریک تھے۔
ان رہنماؤں کے تعاون اور کوشش سے پیرس میں مقیم پاکستانی اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور فرانس کے قومی ترانے بھی پیش کئے گئے۔
بعدازاں مقررین نے شہدائے پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور 28 مئی یوم تکبیر کی 25ویں سالگرہ کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا۔
اسٹیج سیکرٹری کے فرائض کشمیری رہنما چوہدری نعیم اختر نے ادا کئے، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی شہدا کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض ہے، شہدا ہمارا فخر اور ہیرو ہیں، آج پوری قوم کے لیے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔