تھرپارکر(اُمت نیوز)تھرپارکر کی تحصیل کلوئی میں دعا فاؤنڈیشن کے تحت سولر انرجی سے چلنے والے پانی کے منفرد منصوبے کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ زیر زمین پانی کو نہ صرف پینے بلکہ کچن گارڈننگ کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ منصوبے سے گاؤں مہرانی کے سیکڑوں گھرانوں کو پینے کا صاف پانی میسر ہوگا۔ اس پروجیکٹ کے تحت ڈھائی سو فٹ گہرے کنویں سے دن کے اوقات میں سولر پلیٹ کی طاقت سے پانی نکال کر ذخیرہ کرنے کا انتظام بھی ہے،
جس کے لیے اوور ہیڈ ٹینک بنایا گیا ہے۔ ٹینک سے 6 سے زیادہ مقامات پر پانی کی پائپ لائنیں علاقے میں بچھائی گئی ہیں۔ ان لائنوں کی تنصیب سے ایک وقت میں سیکڑوں افراد پانی حاصل کر سکتے ہیں۔ منصوبے کی افتتاحی تقریب میں دعا فاونڈیشن کے چیئرمین عامر خان، وائس چیئرمین ممتازعالم، ذبیح اللہ، عدنان رشید اور دوسرے افراد بھی موجود تھے۔ علاقے کے عوام نے منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاؤں مہرانی میں برسوں سے پانی کی شدید قلت تھی اور خواتین اور بچے بہت دور سے چند گھڑے پانی بھر کے لا سکتے تھے جو ہماری ضروریات کے لئے ناکافی تھا۔ دعا فاؤنڈیشن کے منصوبے سے نہ صرف پانی کی قلت کا خاتمہ ہوا ہے تو دوسری جانب ہمیں یہ موقع ملا ہے کہ ہم گلہ بانی اور بھیڑ بکریاں بھی پال سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے علاقے میں روزگار کے ذرائع بھی پیدا ہوں گے۔ عامر خان اور ممتاز عالم کا کہنا تھا کہ کہ دعا فاؤنڈیشن صحرائے تھر میں پانی کے سیکڑوں منصوبے مکمل کر چکی ہے اور ڈیپلو کی سرحد کے نزدیک یہ علاقہ سڑک سے ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر ہے، جس کے لیے صحرا میں جیپ کے ذریعے ہی سفر کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی سبزیوں کی کاشت اور کچن گارڈننگ کے لیے علاقے کے باشندوں کو بیج اور تربیت فراہم کریں گے۔