لاہور(امت نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کی سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور مسلم لیگ قاف کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات ہوئی، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے گھر گلبرگ پہنچے۔ آصف زرداری نے ایاز صادق کے بھائی کی وفات پر ان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور بلندی درجات کے لیے دعا مانگی۔
جس کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے۔
چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین نے آصف علی زرداری کا استقبال کیا۔ ملاقات میں چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ چوہدری سرور اور جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری شافع بھی شریک تھے۔
موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، مہنگائی کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ سیاسی رنجش کو ذاتی رنجش نہ بنائیں، ملک کا سوچیں پاکستان ہے تو سب ہیں۔
اس موقع پر چوہدری سرور نے کہا کہ بجٹ میں مزدور کی تنخواہ کم از کم اتنی ہونی چاہیئے کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم دلوا سکے، بظاہر ہر بجت میں یہ کہا جاتا ہے کہ غریب کو ریلیف ملے گا گا لیکن مستفید اشرافیہ ہوجاتی ہے۔