انقرہ ( اُمت نیوز ) وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے 2 روزہ دورے پر ترک دارالحکومت انقرہ پہنچ گئے۔
وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ترکیہ پہنچے جبکہ ترکیہ میں پاکستان کے سفیر اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام نے انقرہ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر انقرہ میں صدارتی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
ترکیہ کے نومنتخب صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری آج منعقد ہو گی، وزیر اعظم کی دورہ ترکیہ کے دوران ترک صدر اور دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقات ہو گی۔
واضح رہے کہ اتوار کو ترکیہ کے صدارتی انتخاب کے حتمی مرحلے میں صدر رجب طیب اردوان نے کامیابی حاصل کی اور وہ مسلسل تیسری بار صدر منتخب ہوئے ہیں۔