ملائیشیا میں روکا گیا پی آئی اے کا طیارہ وطن واپس پہنچ گیا

کراچی (امت نیوز)ملائیشیا میں روکا گیا قومی ائیرلائن کاطیارہ وطن واپس پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملائیشیا میں روکا گیا پی آئی اے کا طیارہ وطن واپس پہنچ گیا پی آئی اے لیگل ٹیم نے 3 دن میں عدالتی حکم کو معطل کروا کے طیارہ واگزارکروا لیا،عدالت کی طرف سے طیارے کو روکنے کا حکم معطل کرنے کے بعد پی آئی اے کا طیارہ بوئنگ 777 رجسٹریشن AP BMH کوالالمپور سے اسلام آباد پہنچ گیا۔ذرائع کے مطابق 26 مئی کو ملائیشیا کی مقامی عدالت نے بغیر پی آئی اے کو طلب یا نوٹس کیے طیارہ روکنے کے احکامات جاری کیے تھے۔طیارہ روکنے کے احکامات 29 مئی کو طیارے کی روانگی سے چند منٹ قبل پی آئی اے اور ایئر پورٹ حکام کو وصول کروائے گئے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی عدالت نے جمعے کو طیارہ روکنے کے حکم کو پی آئی اے کے حق میں ختم کردیا تھا۔پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملائیشیا کی عدالت نے لیزنگ کمپنی کی درخواست پر پی آئی اے کے طیارے کو کوالالمپور ایئرپورٹ پرروک لیا تھا،طیارہ 29 مئی سے کوالالمپور ایئر پورٹ پرکھڑا رہا۔پی آئی اے اور آئرش لیزنگ کمپنی کے درمیان طیارے کے انجن کی لیز فیس کا تنازع ہے، بوئنگ 777 ملائیشیا کی عدالت کے حکم پر روکے جانے سے پی آئی اے کو لاکھوں ڈالرزکا نقصان ہوا۔

علاوہ ازیں طیارے کو راہداری اجازت نامہ ملتے ہی کوالمپور سے پرواز پی کے 6893 کے ذریعے اسلام آباد کیلئے روانہ کیا گیا اورطیارہ پاکستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے دس بجے اسلام آباد پہنچ گیا۔
طیارہ واپس پہنچ گیا۔