اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک ترکیہ تجارت کا سالانہ حجم 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف حاصل کرنا ممکن ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ترکیہ کے نمایاں کاروباری گروپوں سے گزشتہ روز ملاقاتیں کیں جس کے دوران پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ترک سرمایہ کاروں کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں زراعت، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تعمیرات شعبے سمیت سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ تاریخی "ٹریڈ ان گڈز” معاہدے کے بعد تعاون کے بہترین مواقع پیدا ہو چکےہیں جو رواں 31 مئی سے فعال ہو چکا ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ انہیں ترکی کاروباری شخصیات کی جانب سے پاکستان میں تجارتی شراکت داری کیلیے بھرپور دلچسپی ظاہرکرنے پر انتہائی خوشی محسوس ہوئی۔