کراچی(اسٹاف رپورٹر) امریکی شہریوں کے کریڈٹ کارڈز کا ڈیٹا چرا کر مالیاتی فراڈ کرنے والے 3 ملزمان کراچی سے گرفتار کر لئے گئے۔ تینوں ملزمان کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کراچی کی ٹیم نے انکوائری میں سراغ لگا کر ایک کال سینٹر پر چھاپے میں حراست میں لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق گزشتہ روز سائبر کرائم سرکل کراچی کی کارروائی میں کراچی کے غیر قانونی کال سینٹرز پر چھاپے کے دوران پاکستانی اور امریکی شہریوں کے کریڈٹ کارڈز کے خفیہ مالیاتی ڈیٹا کی چوری میں ملوث 3 ملزمان گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان میں ضیغم جاوید، صائم اور اویس عالمگیر شامل ہیں۔
کارروائی کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ میںواقع دو مختلف کال سینٹرز میں کی گئی۔ ملزمان امریکی شہریوں کو جعلی کال کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ ملزمان Voip کے ذریعے امریکی شہریوں کو کال کر کے خفیہ ڈیٹا تک رسائی حاصل کرتے اور کریڈٹ کارڈ سے کا غلط استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو شدید مالی نقصان پہنچاتے تھے۔ ملزمان سے ڈیجیٹل گیجٹس برآمد کر لئے گئے۔ ملزمان کے خلاف دو مقدمات درج کر لئے گئے۔ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔