اسلام آباد(اُمت نیوز)سینئرڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم فاروق ستار نے بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ ایک بار پھر وزیر خزانہ نے روایتی بجٹ پیش کیا ہے،آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بنیادی اصلاحات کو پھر سے نظر انداز کیا گیا ہے۔فاروق ستارکاکہناتھا کہ وڈیروں جاگیرداروں کی بڑی آمدنی پر کوئی ٹیکس نہیں،ایک عام تنخواہ دار آدمی، تاجر اور صنعتکار پر ٹیکس کی بھرمار ہے،اشیا خوردونوش تیل، گیس بجلی کے نرخ میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے۔ سینئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم نے کہاکہ بنیادی ضروریات اشیاپر سیل ٹیکس کی شرح قائم رکھی گئی ہے، بنیادی چیزوں میں آٹا، گھی، تیل بچوں کے پینے کا دودھ اور سبزیوں پر کوئی رعایت نہیں دی گئی ہے ،فاروق ستارکاکہناتھا کہ بجٹ میں جو سہولیات عوام کو دینی چاہئیں وہ سہولیات نہیں دی گئیں، عوام بے روزگاری، تاجر کاروبار ناہونے کے باعث اور صنعت کار صنعتیں بند ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں،ان کاکہناتھا کہ مہنگائی ہر تیسرے گھر کا مسئلہ بن چکی ہے۔