مشورے نہ ماننے پر عمران خان کا ساتھ چھوڑا،راجہ ریاض

چنیوٹ(نمائندہ امت)اپوزیشن لیڈرقومی اسمبلی راجہ ریاض احمد نے چنیوٹ میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ 9مئی کی پر زور مذمت کرتے ہیں، واقع میں ملوث افراد کے خلاف بھر پور کاروائی ہونی چاہیے، اسمبلی کی مدت پوری ہوتے ہی اکتوبر میں الیکشن وقت مقررہ پر ہونے چاہیئیں ورنہ ملک کا نقصان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب بزدار اور کچھ دیگر کے بارے میں عمران خان کو آگاہ کیا تھا کہ یہ پارٹی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔اسی وجہ سے عمران خان سے اختلاف ہوئے، جس کے باعث پارٹی کی پارلیمانی میٹنگ سے بھی ہمیں دور رکھا گیا اور جہانگیر ترین کا ساتھ چھوڑنے کا مطالبہ کیا گیا، جس کے باعث ہم نے اپنا گروپ بنا کر عمران خان کا ساتھ چھوڑا اور اسے وزیر اعظم کی کرسی سے اُتارا، ہم نے کہا تھا کہ صوبائی اسمبلیاں نہ توڑی جائیں ہم جو بھی کہتے تھے۔

انہون نے کہا کہ آج ہمارا مؤقف سچ ثابت ہوا،عمران خان کو عروج کے وقت ہم نے چھوڑا جو لوگ ہمیں اُس وقت برا کہتے تھے آج ہمارے مؤقف کی وہ تائید کرتے ہیں،راجہ ریاض احمد نے سابق ممبر صوبائی اسمبلی چنیوٹ قاضی علی حسن پمی کی والدہ کی وفات پر تعزیت بھی کی۔