طوفان بائپر جوائے میں مزید شدت،کراچی میں شدید بارش کی پیشگوئی

کراچی (اُمت نیوز)بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان بائپر جوائے مزید شدت اختیار کرگیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان گزشتہ 12 گھنٹوں سے شمال کی جانب بڑھ رہا ہے جو کراچی کے جنوب سے 600کلو میٹر اور ٹھٹھہ کے جنوب سے 580 کلومیٹر دور ہے، طوفان کے سبب سمندر میں ہوا کی رفتار 180سے 220 کلو میٹرفی گھنٹہ کےدرمیان ہے، 14 جون تک سمندری طوفان شمال کی جانب بڑھےگا اور 15 جون کی دوپہرکو طوفان جنوب مشرقی سندھ اور بھارتی گجرات کو عبورکرےگا، 15 جون کی صبح تک سمندری طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ سسٹم کے مرکز کےگرد لہریں 35 سے40 فٹ تک بلند ہورہی ہیں جب کہ طوفان سے کیٹی بندر پر لہریں 8 سے 12 فٹ بلند ہوسکتی ہیں۔