کراچی (امت نیوز) میئر کراچی کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کراچی سے منتخب ہونے والے 62 میں سے 42 چیئرمینز نے جماعت اسلامی کے میئر کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔ کراچی میں پی ٹی آئی کے منتخب 30 سے زائد یوسی چیئرمینز کا اجلاس میں جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
پی ٹی آئی کے منتخب چیئرمین اسد امان کا کہنا تھاکہ کراچی کی پارٹی قیادت کے فیصلوں سے اختلاف کرتے ہیں، جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کے فیصلے میں ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، ہم چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف تھےاور ہیں مگرجماعت اسلامی کو ووٹ نہیں دینگے، ہم اپنے فیصلے میں خود مختار ہیں ہمیں کسی قسم کے دباؤ کا سامنا نہیں۔
یاد رہے مئیر منتخب کرنے کے لیے 184 ووٹ درکار ہوں گے، پیپلز پارٹی کے 155، جماعت اسلامی کے 130 اور پی ٹی آئی کے 62 نمائندے ہیں۔
جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے 192 ووٹ ہیں، پی ٹی آئی کے 42 ووٹ نکال دیے جائیں تو 150 ووٹ رہ جائیں گے۔
مسلم لیگ (ن) اور دیگر کے 18 ووٹ ہیں، پیپلز پارٹی کو 173 ووٹ مل سکتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے 30 منتخب امیدواروں نے میئر کراچی کے انتخابی عمل میں حصہ نہ بننے کا اعلان کردیا۔پی ٹی آئی چیئرمینز کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کے انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، کراچی کی پارٹی قیادت کے فیصلوں سے اختلاف کرتے ہیں، جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کے فیصلے میں ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا مگر ہم چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔