بپر جوائے کراچی کے جنوب سے 470 کلو میٹر دور،بوندا باندی شروع

کراچی( اُمت نیوز)بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان’ بپر جوائے ‘ کراچی کے جنوب سے 470 کلو میٹر دور رہ گیا۔ سمندری طوفان کے اثرات سے شہر میں گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ ساتھ بوندا باندی شروع ہوگئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صدر، اولڈ سٹی ایریا اور آئی آئی چندریگرروڈ سمیت مختلف علاقوں میں بوندا باندی شروع ہوگئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ مشرق اور شمال مشرق سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، ہواؤں کی رفتار آج 36 سے 45 کلومیٹر فی گھنٹہ رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں:۔ٹروپیکل سائیکلون کیسے بنتے ہیں؟
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 37.6 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد ہے۔
دوسری جانب ائیرکوالٹی انڈیکس کے مطابق گرد آلود ہواؤں کے باعث شہر کا فضائی معیار مضر صحت ہے،کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے جب کہ کراچی کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 172 ہے۔
علاوہ ازیں ممکنہ طوفان کے تحت کراچی کے ساحلی علاقوں میں سمندر کے پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے، سمندر کے پانی میں مسلسل اضافے کے پیش نظر پانی چشمہ گوٹھ کی سڑک کنارے تک پہنچ گیا جب کہ رہائشیوں نے تاحال گھر خالی نہیں کیے ہیں۔