’بپر جوئے‘‘کا کراچی سے فاصلہ کم ہو کر 350 کلو میٹر رہ گیا

کراچی (اُمت نیوز) سمندری طوفان ’’بپر جوئے‘‘کا کراچی سے فاصلہ کم ہو کر 350 کلو میٹر رہ گیا جس کے باعث شہر میں گرد آلود ہوائیں چلنے لگی ہیں اور بعض مقامات پر مٹی کا طوفان بھی آیا، ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کے حفاظتی دستے بھی تیار ہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے سمندری طوفان کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق یہ سسٹم کراچی سے 350 کلومیٹر، ٹھٹھہ سے 360 کلومیٹر جنوب میں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت طوفان کے مرکز کے گرد ہواؤں کی رفتار تقریباً 170 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ لہروں کی اونچائی 30 فٹ ہے، "بپرجوئے” شمال، شمال مغرب کی سمت بڑھ رہا ہے، کل طوفان کا رُخ تبدیل ہو کر شمال مشرق ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ "بپرجوئے” 15 جون کو کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔