لاہور (اُمت نیوز)لاہور ہائیکورٹ میں صحافی عمران ریاض کی بازیابی کیلئے درخواست پر سماعت 10 روز کیلئے ملتوی ہو گئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے صحافی عمران ریاض کی بازیانی کیلئے درخواست پر سماعت کی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سمیت دیگر افسران عدالت پیش ہوئے، عمران ریاض کے والد محمد ریاض بھی عدالت میں موجود رہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عمران ریاض کی بازیابی سے متعلق اقدامات بارے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران ریاض کی بازیابی کے لئے کوشش کر رہے ہیں ،ہم جلد ہی کامیاب ہوں گے۔ جس پر درخواست گزار وکیل نے عمران ریاض کی بازیابی کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران ریاض کی بازیابی کے لئے اقدامات سے مطمئن ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے آئی جی پنجاب اور وکیل درخواست گزار کا مکالمہ سننے کے بعد ریمارکس دیئے کہ آپ سب کی کوششیں رنگ لائیں گی، ہم انشاء اللہ ضرور کامیاب ہوں گے، آپ بازیابی کیلئے بننے والے سپیشل ورکنگ گروپ سے رابطے میں رہیں۔