کراچی: پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہو گئے ، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے 173 ووٹ حاصل کیے۔، ڈپٹی میئر کا الیکشن بھی پیپلز پارٹی جیت گئی، سلمان عبداللہ مراد 173 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے۔
نجی ٹی وی کے مطابق جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم کو161 ووٹ ملے۔ میئر کراچی کیلیے پولنگ اسٹیشن میں ووٹنگ مکمل ہوئی تو جماعت اسلامی کی جانب سے سخت نعرے بازی کی گئی، اس موقع پر شور شرابے کا ماحول دیکھنے میں آیا۔
آرٹس کونسل کے باہر بھی صورت حال سخت کشیدہ رہی جہاں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے صورت حال کنٹرول کیے رکھی۔
قبل ازیں جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ 30 سے زائد منتخب اراکین کو لاپتہ کر دیا گیا، تحریک انصاف کے اغواءچیئرمینز کو پیش کیا جائے۔
حافظ نعیم نے نے ریٹرننگ افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میئر کے الیکشن کیسے ہوں گے؟ پہلے تحریک انصاف کے اغواء چیئرمینز کو پیش کرو، پھر ووٹنگ ہو گی۔ 30 سے زائد اراکین کو لاپتہ کر دیا گیا، خبریں ہیں ان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ آپ کی ذمہ داری تھی ان افراد کو یہاں لاتے۔