والدہ سے اظہار عقیدت،بھارتی شہری نے کروڑوں روپے سے تاج محل تعمیرکرادیا

نئی دہلی(نیٹ نیوز) بھارت میں ایک شخص نے کروڑوں روپے خرچ کر کے اپنی والدہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مشہور زمانہ تاج محل طرز کی عمارت تعمیر کرادی۔

بھارت کے معروف انگریزی اخبارات ’’ہندوستان ٹائمز‘‘ اور ’’دی ہندو‘‘  کے مطابق بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنائے کے رہائشی امر الدین شیخ داؤد نے اپنی والدہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تاج محل جیسی عمارت تھرووارور میں تعمیر کرائی تو اس پر پانچ کروڑ روپے خرچہ آیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امرالدین شیخ داؤد نامی کاروباری شخص کا کہنا ہے کہ وہ جب محض گیارہ سال کے تھے تو ان کے والد عبدالقادر کا انتقال ہو گیا تھا جس کے بعد ان کی پرورش کی مکمل ذمہ داری والدہ جیلانی بیگم نے ادا کی۔

امرالدین شیخ داؤد کے مطابق انہوں نے اپنی والدہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے تاج محل جیسی عمارت تعمیر کرائی ہے جس کے لیے سنگ مرمر راجستھان سے منگوایا۔ انہوں نے بتایا کہ عمارت کی تعمیر میں دو سال کا عرصہ لگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امرالدین کا کہنا ہے کہ اس چھوٹے تاج محل پر ہر مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ ان کی والدہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اصلی تاج محل اتر پردیش کے شہر آگرہ میں واقع ہے جو مغل بادشاہ شاہجہاں نے اپنی پسندیدہ اہلیہ ممتاز محل کے انتقال بعد بنوایا تھا۔

یاد رہے کہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر برہان پور میں بھی ایک انجئینیر نے اپنی بیوی کی محبت میں ایک اور تاج محل بنوایا تھا۔

بھارتی شہری آنند چوکسے کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ سوچتے تھے کہ ان کے شہر برہان پور میں تاج محل کیوں نہیں بنایا گیا؟ کیونکہ شاہ جہاں کی بیوی ممتاز محل کا انتقال اسی شہر میں ہوا تھا۔