سالٹ رینج میں موٹر وے پر مسافر بس الٹنے سے13افراد جاں بحق

 

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر؍امت نیوز) سالٹ رینج میں میں مسافر بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق اسلام آباد سے لاہور جانے والی بس کلر کہار کے مقام پر حادثے کا شکار ہوئی، حادثہ تیز رفتاری کے باعث بریک فیل ہونے سے پیش آیا۔ بس ڈیوائیڈر لائن توڑ کر مخالف سمت جا گری۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 5 خواتین اور تین بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق اور 25 افراد زخمی ہوئے، ز خمیوں اور ڈیڈ باڈیز کو ٹراما سنٹر کلرکہار منتقل کردیا گیا۔نجی کمپنی کی بس نمبر BSG-055 کو بوتھ نمبر 224 کے قریب موٹروے سالٹ رینج میں حادثہ پیش آیا جو اسلام اباد سے لاہور جا رہی تھی۔ بس میں 40 افراد سوار تھے اور تیز رفتاری سے موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہوکر الٹ گئی اور روڈ کی دوسری جانب چلی گئی،اطلاع ملتے ہی حادثہ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں اور ڈیڈ باڈیز کو ٹراما سنٹر کلرکہار منتقل کر دیا۔ حادثہ کے بعد ڈی آئی جی موٹروے، ڈی سی چکوال قراۃ العین ملک اور اے سی کلرکہار ساجد منیر کلیار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کاروائیوں کی نگرانی کی، اے سی کلرکہار نے اپنی نگرانی میں بس کو روڈ کے بیچ سے اٹھوایا کر روڈ کو کلیئر کروایا۔دوسری جانب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طلحہ زبیر نے جائے حادثہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ افسوس ناک ٹریفک حادثے پر ہر دل افسردہ اور ہر آنکھ نم ہے، ضلعی انتظامیہ امدادی سرگرمیوں کی بھر پور نگرانی کر رہی ہے اور زخمیوں کو ہر ممکن علاج معالجے کی سہولیات باہم پہنچانے کے لئے سرگر م ہیں، انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ٹراما سینٹر کلر کہار کا دورہ کیا ۔ انہوں نے زیر علاج زخمیوں کی فرداً فرداً عیادت کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور ان سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا بھی کی ۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر طلحہ زبیر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ٹراما سینٹر کی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے حادثہ کے زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر قراۃ العین ملک نے ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو مکمل صحتیابی تک علاج معالجہ کی بہترین سہولیات مہیا کی جائیں ۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن و ابتدائی طبی امداد کے عمل کے بارے میں تفصیلات دریافت کیں