اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان کی معاشی بحالی کا قومی پلان تیار کرلیا گیا، غیر ملکی سرمایہ کاری کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کےلیے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل قائم کردی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے پہلے اجلاس کا اعلامیہ سامنے آگیا۔دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کو تعمیر اور ترقی کی طرف واپس لا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت میں غیرملکی سرمایہ کاری کے راستے میں رکاوٹیں دور کرنے کے لئے قائم کردہ ‘سپیشل انوسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل’ (ایس آئی ایف سی) کے پہلے اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف، وزراء اعلیٰ، وفاقی اور صوبائی وزراء اور اعلی سرکاری حکامِ شریک ہوئے۔ منصوبے کے تحت زراعت، لائیو سٹاک، معدنیات، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی اور زرعی پیداوار جیسے شعبوں میں پاکستان کی اصل صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا۔ وزہراعظم شہباز شریف اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت کو ورثے میں تباہی کے دہانے پر کھڑی معیشت ملی، معیشت کو مشکل اور دلیرانہ فیصلوں کے ذریعے بحرانوں سے نکال رہے ہیں۔ دوران اجلاس آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج معاشی بحالی کے حکومتی پلان پر عمل درآمد کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔
During a high-level meeting, Government of Pakistan unveiled an elaborated ‘Economic Revival Plan’ in the wake of economic hardships being confronted by the country. The event was chaired by the Prime Minister of Pakistan and attended by the Chief of Army Staff, Chief Ministers,… pic.twitter.com/EvBKyWmASb
— PTV News (@PTVNewsOfficial) June 20, 2023
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے یقین دلایا کہ معاشی بحالی کی حکومت کے پلان پر عملدرآمد کی کوششوں کی پاکستان آرمی بھرپور حمایت کرتی ہے اور اسے پاکستان کی سماجی و معاشی خوش حالی اور اقوام عالم میں اپنا جائز مقام واپس حاصل کرنے کی بنیاد سمجھتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ابھی بہت بڑے چیلنجز ہمارے سامنے ہیں۔ معاشی بحالی کے لئے برآمدات بڑھانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ لہذا حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اجتماعی سوچ اپناتے ہوئے موثر عمل درآمد کے لئے وفاق اور صوبوں میں شراکت داری کا انداز اپنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو اولین ترجیح دی جائے گی اور اشتراک عمل کے ذریعے منصوبوں سے متعلق منظوری کا عمل تیز بنایا جائے گا۔
شیباز شریف نے کہا کہ متوقع سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ نوجوانوں اور خواتین کو روزگار ملے گا، ترقی کے نئے امکانات دیں گے۔ ہماری توجہ نوجوانوں اور خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے قابل بنانا ہے۔ انہیں با اختیار بنانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئیں مل کر اپنی بھرپور صلاحیتوں سے کام کرنے کا عزم کریں اور اپنی توجہ بھٹکنے نہ دیں۔ ہم پاکستان اور عوام کا مقدر بدل سکتے ہیں۔ لیکن اس کے لئے ہمیں مسلسل اور سخت محنت کرنا ہوگی اور سمت برقرار رکھتے ہوئے ملک وقوم کو ترقی اور خوش حالی کے راستے پر گامزن رکھنا ہوگا۔