کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے مضافاتی علاقوں کی بہتری کےلئے عالمی بینک کے منصوبے کراچی نیبر ہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ (کے این آئی پی) کے تحت ابراہیم حیدری گوٹھ میں 1.9 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ بلوچ مجاہد فٹبال گراؤنڈ اینڈ کمیونٹی سینٹر کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر سلمان مراد اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کی فلاح و بہبود کو بڑھانے اور آنے والی نسلوں کی ترقی کو ترجیح دینے،صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حکومتی عزم کا حصہ ہے۔پورے کراچی میں تقریبا پانچ اسپورٹس گراؤنڈز کا افتتاح کرنے جارہے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ آٹھ تفریحی پارک بنائے گئے ہیں۔
ہمارا مقصد کراچی کے تمام محلوں کی ترقی دلانا ہے تاکہ بچے اپنے ہی محلوں میں کھیل سکیں،ایک اور عالمی بینک کے تعاون سے بڑا منصوبہ’کلک‘ تیار ہے جس کو لوکل کونسلیں چلائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں لیڈر ایک ہی لیڈر بلاول بھٹو ہے،ہمارے لیڈرز نے کہا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں ور ان کی ہی خدمت کرنی ہے،وزیراعلیٰ سندھ نے یہ دعویٰ بھی کرڈالا کہ تمام صوبوں سمیت ملک میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی۔میئر کراچی کے انتخابات میں جو ہارگئے وہ کہہ رہے ہیں کہ غیرحاضر نمائندوں کی ووٹنگ کروائیں ، میں پوچھتا ہوں کہ اگر ہمارے ہاتھ میں ہوتا تو ہم ان سے اپنے لئے ووٹنگ نہیں کرواتے؟وہ خود ووٹ دینا نہیں چاہتے تھے،ان کے بیانات موجود ہیں کہ وہ عمران خان کو دیکھنا بھی پسند نہیں کرتے۔
حافظ نعیم نے بڑی غلطی کی وہ عمران خان کے پاس چلے گئے۔مراد شاہ نے دعویٰ کیا کہ ہم میئر کراچی کا الیکشن صاف و شفاف طریقے سے جیتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی و قومی اسمبلیاں 13 اگست کو ازخود ختم ہوجائیں گی جس کو آگے بڑھانے کا کوئی بھی طریقہ کار موجود نہیں ہے۔ اسمبلیاں ختم ہونے کے بعد دو ماہ میں الیکشن ہونگے۔۔وزیراعلٰی سندھ کا کہنا تھا کہ ابراہیم حیدری گوٹھ ہماری پارٹی کا گڑھ رہا ہے، ہمارا مقصد اپنے نوجوانوں میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، اور صحت مند مسابقت کا جذبہ پیدا کرنا ہے، محترمہ بے نظیر بھٹو کے وژن کے مطابق، ہم اپنی خواتین کو بااختیار بناتے ہیں ، یہ تربیتی مرکز نوجوان خواتین کو ضروری مہارتوں، علم اور مواقع سے آراستہ کرے گا،صوبے کا کوئی بھی علاقہ پسماندہ نہیں چھوڑیں گے۔
۔