قومی اسمبلی، فنانس بل کی شق وار منظوری

اسلام آباد(اُمت نیوز)قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرِ صدارت جاری ہے۔ایون میں فنانس بل کو زیرِ غور لانے کی تحریک منظور کر لی گئی۔
قومی اسمبلی میں فنانس بل کی شق وار منظوری جاری ہے۔ وزیرِ خزانہ نے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی آرڈیننس میں ترمیم پیش کر دی، قومی اسمبلی نے کثرتِ رائے سے ترمیم منظور کر لی۔
پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی حد 50 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 60 روپے فی لیٹر کر دی گئی۔ترمیم کے مطابق وفاقی حکومت کو 60 روپے فی لیٹر تک لیوی عائد کرنے کا اختیار ہو گا۔
اجلاس کے دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انکشاف کیا ہے کہ ملک میں بعض لوگ بیک وقت آرمی چیف، چیف ایگزیکٹو اور صدر کی پنشن لیتے رہے، یہ غریب ملک پر بہت بڑا بوجھ تھا۔
اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ حکومت نے سرکاری افسران کے ایک سے زائد پنشن لینے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پابندی گریڈ 17 سے 22 تک کے سرکاری افسران کے لیے ہے، گریڈ 17 سے نیچے کے سرکاری اہلکاروں پر اس پابندی کا نفاذ نہیں ہو گا۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ایک سے زائد پنشن کا مسئلہ پرانا ہے جسے پہلے ہی حل ہو جانا چاہیے تھا۔مولانا عبدالاکبر چترالی نے فنانس بل اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوانے کی تحریک پیش کر دی۔
وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے مولانا عبدالاکبرچترالی کی تحریک کی مخالفت کر دی۔
وزیرِ خزانہ کی مخالفت کے بعد فنانس بل اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوانے کی تحریک کثرتِ رائے سے مسترد کر دی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی نے مطالباتِ زر کی منظوری اور کٹوتی کی تحاریک مسترد کی تھیں۔