اسلام آباد(اُمت نیوز)عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کی عبوری ضمانت میں سات جولائی تک توسیع کر دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمرکی عبوری ضمانت میں7 جولائی تک توسیع کردی۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔
یاد رہے کہ نو مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی گرفتاری پر ملک بھر میں پُرتشدد احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔ شرپسندوں کی جانب سے قومی اور فوجی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔ نو مئی کے بعد ہی اسد عمر کے خلاف عسکری ٹاور میں جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ بنایا گیا۔