کراچی (پریس ریلیز) دعا فاؤنڈیشن کے تحت سندھ اور بلوچستان میں قربانی فی سبیل اللہ کی جائے گی ، قربانی کے لیے بڑی تعداد میں بچھڑے، بچھیا، بکرے اور دنبے قربانی کے مقامات پر پہنچادیے گئے ہیں۔ تھر پار کر کی تمام تحصیلوں میں 9 مقامات پر قربانی کے بعد گوشت تقسیم کیا جائے گا۔
سندھ میں کراچی کے علاوہ خیرپور، عمر کوٹ، پنجاب میں بکھر، بلوچستان میں کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ مسلم باغ اور بیلا جبکہ کراچی میں اورنگی ٹاؤن، نیو سبزی منڈی اور سرجانی ٹاؤن میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا جائے گا۔ دعا فاؤنڈیشن کے چیئرمین عامر خان اور وائس چیئرمین ممتاز عالم نے کہا ہے کہ دعا فاؤنڈیشن کے تحت ہر سال تھرپارکر میں قربانی فی سبیل اللہ کا مقصد ان لوگوں تک گوشت پہنچانا ہے،
جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں تھرپارکر کا ایک اہم مسئلہ غذائی قلت ہے یہاں کے لاکھوں باسیوں کو غذائیت سے بھرپور کھانا نہیں مل پاتا، جس کے باعث ان کی صحت کو خطرات لاحق ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تھر باسیوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کر کے جو خوشی ملتی ہے
وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی تھر میں ہزارہا گھرانے ایسے ہیں جن کو صرف بقر عید کے موقع پر ہی گوشت کھانا نصیب ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ تھر میں قربانی کے لیے ملتان اور پنجاب کے دوسرے علاقوں سے بھی جانور لائے گئے ہیں، جن میں چولستانی گائے بھی شامل ہے ،
دعا فاؤنڈیشن کے تحت عید الاضحیٰ کے تینوں دنوں میں قربانی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں بھی سیلاب زدہ علاقوں میں قربانی کو ترجیح دی گئی ہے۔