علمائے کرام اپنےعید کے خطبات میں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پرروشنی ڈالی۔
پاک فوج کے افسران اور جوان دفاع وطن کے لئے عید کے دن اپنے گھروں سے دور سرحد پر پہرہ دے رہے ہیں،وزیراعظم شہباز شریف پاک افغان سرحد پر تعینات فوجیوں کے ساتھ عید منانے پارا چنار پہنچ گئے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور دیگر بھی ہمراہ موجود ہیں۔
کراچی کے پولو گراؤنڈ میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، کنوینئر ایم کیوایم خالد مقبول صدیقی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر کراچی سمیت اہم شخصیات نے نماز عید پڑھی۔ نماز عید میں غیرملکی سفارتی شخصیات بھی شامل تھے۔ نماز عید کی امامت مولانا محمد احمد سلیمی نے کی۔
لاہور کی بادشاہی مسجد میں نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کی۔ لاہور میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ میں نماز عید پڑھائی۔ کوئٹہ کی مرکزی عید گاہ میں نماز عید کا اجتماع ہوا۔ پشاور، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں۔
سابق صدرآصف علی زرداری نے نمازعید نواب شاہ میں جبکہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں ادا کردی۔ جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عید کی نماز اپنے آبائی گاؤں عبدالخیل میں ادا کی۔ نماز مولانا فضل الرحمان نے خود پڑھاٸی۔
دوسری جانب ضلعی حکومتوں کی جانب سے عید کے دنوں میں آلائشیں اور دوسرا کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔
خیال رہے کہ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں گزشتہ رات تک قربانی کے جانوروں کی خریداری کا سلسلہ جا ری رہا،شہری بیوپاریوں کیساتھ جانوروں کا بھائو کرتے رہے۔
اس کے علاوہ رات گئے تک خواتین اوربچے عید کی شاپنگ میں مصروف رہے،کپڑوں اور جوتوں کی خریداری کیلئے بازاروں میں رش لگا رہا،خواتین عیدالاضحیٰ کے خصوصی مہندی ڈیزائن ہاتھوں پر بنواتی رہیں۔