اسلام آباد(امت نیوز) سویڈن میں معاذ اللہ۔۔ قرآن کریم کے نسخے کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں احتجاج مظاہرے پیر کے روز بھی جاری رہے۔ کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر غصے کا اظہار کیا اوررائے کے اظہار کی آزادی کے نام پر ایسے اقدام کی اجازت دینے کے اقدام کو مسترد کردیا۔ سویڈن میں پیش آنے والے واقعہ کے خلاف ترکیہ اور دیگر کئی ملکوں نے احتجاج کیا ہے۔ ترکیہ، عراق، شام، افغانستان، بنگلہ دیش، بھارت، افغانستان، انڈونیشیا اور دیگر ممالک میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔
عراقی شہروں بغداد اور بصرہ، بھارتی شہروں ممبئی اور گجرات، بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکہ، ترک شہروں انقرہ اور استنبول میں لوگوں نے ریلیاں نکالیں ۔شرکا نے قرآن کریم کے نسخے اٹھا رکھے تھے۔انڈونیشیا کے مختلف شہروں میں مرد و خواتین پبلک پارک اور دیگر عوامی مقامات پر جمع ہوئے اور اجتماعی طور پر قرآن کریم کی تلاوت کی۔ پوپ فرانسس نے کہا کہ میں ان اقدامات پر غصہ محسوس کر رہا ہوں۔ سویڈن پولیس نے حال ہی میں قرآن مخالف مظاہروں کے لیے آئی متعدد درخواستیں مسترد کردی تھیں لیکن عدالتوں نے یہ کہتے ہوئے فیصلوں کومسترد کردیا کہ یہ اظہار رائے کی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔
قرآن کریم کی بے حرمتی کی شدید مذمت کے بعد اب سعودی عرب نے احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے سویڈش سفیر کو بھی طلب کرلیا۔ اتوار کو او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں بھی اس گھناؤنی حرکت کی شدید مذمت کردی گئی تھی۔ سعودی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سویڈن کی ایک مسجد کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کا گھناؤنا فعل ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے سویڈش حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے تمام اقدامات کو روکے جو رواداری، اعتدال پسندی اور انتہا پسندی کو مسترد کرنے کی اقدار کو پھیلانے کی بین الاقوامی کوششوں سے براہ راست متصادم ہوں۔ سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کیخلاف دوسرے روز بھی جماعت اسلامی نے ملک بھر میں ریلیاں نکالیں۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے قرآن کریم کی بے حرمتی کی ناپاک جسارت کے خلاف اسلام آباد میں سویڈن سفارت خانے کی جانب احتجاجی مارچ کی قیادت کی اور حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ یورپی ملک سے سفارتی تعلقات منقطع کر کے اس کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔کراچی میں بھی احتجاج کیا گیا۔ مظاہرے میں بچیوں نے قرآن پاک کے نسخے اٹھا رکھے تھے۔مظاہرین نے سویڈن کے جھنڈے کو پیروں تلے روندا۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کو سویڈن سے اپنا سفیر احتجاجاً واپس بلا لینا چاہیے، آنے والے 45 دن پاکستان کی معاشی سلامتی اورسیاسی مستقبل کے لیے اہم ہیں۔ واضح رہے قرآن مجید کی بے حرمتی کا واقعہ بدھ 28 جون 2023 کو سٹاک ہوم میں پیش آیا۔ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر خیبر پختونخوا بار کونسل نے یوم سیاہ منایا۔ وکلا کالی پٹیاں پہنچ کر عدالتوں میں گئے۔ کونسل نے ہڑتال کااعلان بھی کردیا۔ آج منگل کو وکلاء عدالتی کاروائی میں پیش نہیں ہو ں گے۔ مرکزی نائب امیرجماعت اسلامی وسابق رکن قومی اسمبلی اسداﷲ بھٹو نے سویڈن میں حکومتی سرپرستی میں مسلمانوں کی عظیم کتاب قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کو اسلامو فوبیا کا نتیجہ قرار دیا ۔ متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیراہتمام سویڈن حکومت کی اجازت سے قرآن کریم کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی اجلاس میں شریک مختلف مکاتب فکرکے علماء مشائخ نے حکومت سے پرزورمطالبہ کیا ہے کہ سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی پر سویڈن سفیر کو احتجاجاً فی الفور ملک بدر کیاجائے۔ پاک کونسل آف ورلڈ ریلیجنزپاکستان خیبرپختونخوا میں شامل مسلم،کرسچن، ہندو اور سکھ مذاہب کے سربراہان،تنظیم کے چیئرمین اور سابقہ صوبائی وزیرقاری روح اللہ مدنی بشپ ہمفری سرفراز پیٹر، پروفیسرڈاکٹرقبلہ آیاز،پروفیسرڈاکٹرحافظ عبدالغفو،علامہ فخرالحسن کراروی ،ہارون سرب دیال، ایڈوئزری ممبر سکھ کیمیونٹی کے سربراہ باباجی گرپال، اساسی ممبرپادری جوزف جان اور مقصود احمد سلفی نے کہا کہ دو گھٹیا لوگوں نے انتہائی گھٹیا طریقہ سے اس کتاب عظیم الشان کی توہین کی۔
جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید اور دیگر علما نے سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے افسوناک واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ قومی کمیشن برائے بین المذاہب ہم آہنگی مکالمہ نے سویڈن واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے سویڈن سے سفارتی تعلقات منقطع کرنےکا مطالبہ کر دیا۔ چیئرمین قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ آرچ بشپ سبیٹین فرانسس شاکاکہناتھاکہ عالمی امن کو تباہ کرنے کی کوشش کی دن بھی عید الاضحی کا تجویز کیاگیا ۔
چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم کاکہناتھاکہ سویڈن کے واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہےاس شخص کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔ سکھ راہنما سردار کلیان سنگھ اور مجلس وحدت المسلمین کے راہنما علامہ حسن رضا ہمدانی کاکہناتھاکہ اقوام متحدہ اگر زندہ ملکوں کی تنظیم ہے تو سویڈن کو کٹہرے میں لاکر پابند کیاجائے مذہبی کتابوں کی گستاخی نہ کی جائے وگرنہ مذہب کے نام پر تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے ۔تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈرخرم شیرزمان نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک مذمت جمع کرادی ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی راجا اظہر خان نے سویڈن میں قرآن مجید کی بےحرمتی پر سویڈن سفارتکار، پاکستانی وزیر خارجہ اور سیکرٹری جنرل او آئی سی کو خطوط لکھے ہیں ، جن میں سیویڈن میں قرآن مجید کی بےحرمتی کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ قرآن مجید کی بےحرمتی ناقابل برداشت ہے ۔ سویڈن مصنوعات بائیکاٹ مہم بھی چل پڑی، مظاہروں اور سوشل میڈیا میں سویڈن کی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔