اسلام آباد(اُمت نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس ناقابل سماعت قرار دے دیا۔
عدالت نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرلی، ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف ٹرائل قابل سماعت قراردیا تھا۔
خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس عامر فاروق پرعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے توشہ خانہ کیس ٹرائل کے خلاف درخواستیں دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرسٹرگوہر کی وساطت سے دائرکی جانے والی درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامرفاروق غیرجانبداری کے تقاضے پورے کرنے کیلئے توشہ خانہ ٹرائل سے متعلقہ درخواستیں سنیں۔
عمران خان نے درخواست میں تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا پورا سیاسی کیرئیر ان مقدمات کی وجہ سے رسک پر ہے۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ ٹرائل سے متعلقہ 5 مئی کے آرڈر کیخلاف درخواستیں زیرِ التوا ہیں۔