اسلام آباد ہائیکورٹ نے 10 جولائی کو کیس کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے، فائل فوٹو
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 10 جولائی کو کیس کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے، فائل فوٹو

توشہ خانہ کیس، عمران خان کل پھر ذاتی حیثیت میں طلب

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کا آغاز کردیا، چیئرمین تحریک انصاف پیش نہیں ہوئے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ وکیل نے آج حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے۔

سیشن جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 10 جولائی کو کیس کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے،عدالت 7 اور 8 جولائی کو بھی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرلے گی۔

اس سے قبل معاون وکیل نے 10 جولائی کی تاریخ کی استدعا کی جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز بولے چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے ڈیڑھ ماہ کا اسٹے انجوائے کیا ہے، سات ماہ میں ایک بار بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

عدالت نے آج کے دن حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کو جمعہ کو ذاتی حثیت میں طلب کرلیا۔