دونوں رہنمائوں نے سوالات کے جوابات ریکارڈ کروائے۔ فائل فوٹو
دونوں رہنمائوں نے سوالات کے جوابات ریکارڈ کروائے۔ فائل فوٹو

9مئی کیسز،عمران خان،اسد عمر، شاہ محمود کو شامل تفتیش ہونے کا حکم

لاہور: انسداد دہشتگری عدالت نے 9 مئی واقعات کے کیسز میں چیرمین تحریک انصاف، اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشتگری عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت دیگر مقدمات میں چیرمین تحریک انصاف کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

جج نے چیرمین تحریک انصاف کے شامل تفتیش نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے پوچھا کہ آپ نے ابھی تک تفتیش کیوں جوائن نہیں کی۔

چیرمین تحریک انصاف روسٹرم پر آ گئے اور جواب دیا کہ میں روز عدالتوں میں پیش ہوتا ہوں اس لیے شامل تفتیش نہیں ہو سکا ، میں ابھی شامل تفتیش ہونے کے لیے تیار ہوں، یہ زمان پارک آ جائیں میں تفتیش جوائن کر لوں گا۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ آج چار بجے چیرمین تحریک انصاف شامل تفتیش ہوں۔چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ چار بجے میں مصروف ہوں آج آئی ایم ایف کا وفد مجھ سے ملنے آ رہا ہے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ بہتر یہی ہے آپ پولیس ہیڈ آفس جائیں اور تفتیش جوائن کریں ۔ چودہ جولائی کو آپ پانچوں مقدمات میں شامل تفتیش ہوں۔

عدالت نے چیرمین تحریک انصاف کی عبوری ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

علاوہ ازیں انسداددہشت گردی عدالت لاہور میں عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ سمیت تین مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے ملزمان اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے دونوں کی عبوری ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع کردی۔

شاہ محمود قریشی نے تین مقدمات میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر عبوری ضمانتیں بھی دائر کردیں۔

شاہ محمود قریشی ، اسد عمر جے آئی ٹی سربراہ کے سامنے پیش

دوسری جانب تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نو مئی واقعات اور مقدمات کی تفتیش کے لیے قائم جے آئی ٹی کے سربراہ کے سامنے پیش ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے حوالے سے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سے سوالات کئے گئے، دونوں رہنمائوں نے سوالات کے جوابات ریکارڈ کروائے۔ نو مئی کے واقعات کے ڈیجیٹل اور فرانزک شواہد بھی موجود ہیں۔

پیشی کے بعد وائس چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سربراہ جے آئی ٹی نے کچھ سوالات کئے، پوچھا آپ کا کردار کیا رہا، میں نے جواب دیا ہمارا کوئی کردار تھا، نہ ہی ہم ملوث ہیں، تفتیش کے سوالات اور نکات کو میڈیا پر لانا مناسب نہیں۔

اسد عمر جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کا احوال بتاتے ہوئے بولے پولیس نے 9 مئی کے حوالے سے پوچھا ہے، جتنی ہمارے پاس معلومات تھیں، ہم نے بتادیں۔