ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس ہوا، فائل فوٹو
ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس ہوا، فائل فوٹو

میئر بننے سے کوئی شہر کا مالک نہیں بن سکتا، خالد مقبول

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ میئر بننے سے کوئی شہر کا مالک نہیں بن سکتا، کسی کے ساتھ مک مکا کرکے تو ہمارا بھی میئر بن جاتا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ مسلمانان برصغیرکی پہچان اردو ہے، یہ پاکستان کیلیے بہت بڑا انعام ہے، یہ ہم سب کی پہچان اور محسن ہے، یہ دیگر قومیتوں میں رابطے کی زبان ہے، اگر اردو نہ ہوتی توہم ایک دوسرے کیلیے اجنبی ہوتے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ المیہ یہ ہے کہ اردو کا دفاع کرنے والوں کو شہید کر پاکستان کیخلاف سازش کی گئی، ہمیں قائداعظم کے پاکستان سے بھٹوکے پاکستان میں دھکیل دیا گیا، اردو کیخلاف سازش کر کے قائد کے پاکستان کو دولخت کیا گیا، اردو زبان کو سرکاری بنانے کیلئے عدالتی فیصلے دیئے گئے۔

کنوینئر ایم کیو ایم نے کہا کہ یہاں کچھ لوگ سندھودیش کا خواب سجا بیٹھے ہیں، انہوں نے پاکستان کو طاقت کا غلام بنا دیا، کوئی میئر بننے سے شہر کا مالک نہیں بن سکتا، کسی کے ساتھ مک مکا کرکے تو ہمارا بھی میئر بن جاتا، لیکن ایم کیو ایم کسی اور کے ساتھ ڈپٹی میئر کا معاہدہ بھی نہیں کرے گی، یہ کراچی کے عوام کا اختیار ہے جسے چاہے میئر منتخب کرے۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ہم صوبوں کوصرف انتظامی یونٹ سمجھتے ہیں، ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اس دیوار کوگرا دینے کے دن آچکے ہیں۔