ایبٹ آباد(نمائندہ امت) پاکستان شریعت کونسل خیبرپختونخوا کے صوبائی اجلاس میں سویڈن سے سفارتی اور معاشرتی تعلقات منقطع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ناموس رسالت وحرمت قرآن کا عالمی قانون بنا کر نافذ کیا جائے۔ اور او آئی سی قرارداد منظور کر کے اقوام متحدہ یورپی یونین سلامتی کونسل سے بھی توہین قرآن اور توہین رسالت کو جرم تسلیم کیا جائے۔خیبر پختون خوا میں منعقدہ اجلاس میں اعلامیہ جاری کرتے ہوئے سات نکات پر قراردادیں منظور کی گئیں ۔اجلاس کی صدارت مولانا قاری عبد الحفیظ محمدی صوبائی امیر پاکستان شریعت کونسل اور سرپرستی مولانا عبدالقیوم حقانی مرکزی نائب امیر پاکستان شریعت کونسل نے کی ۔اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا زاہد الراشدی ،صوبائی جنرل سیکرٹری مفتی جعفر طیار اعوان،ایبٹ آباد سے صاحبزادہ آسامہ مقبول اعوان ،حافظ محمد مقبول اعوانزادہ، ملک عبداللہ ہری پور سے قاضی عبدالباقی نائب امیر پاکستان شریعت کونسل کے پی پشاور سے پروفیسر نورالوہاب نوشہرہ سے محمد عمران پراچہ جامعہ ابوہریرہ اکوڑہ خٹک کے اساتذہ کرام سمیت جید علمائے کرام مشائخ عظام کثیر تعداد میں شریک تھے۔اجلاس میں سویڈن میں قرآن کریم کے بے حرمتی کی سخت الفاظ میں مذمت اور سات نکاتی مطالبات کی قرارداد منظور کی گئی ۔قرارداد کے متن کے مطابق ناموس رسالت اور حرمت وتقدس قرآن کا قانون بین الاقوامی طور پر پاس کروا کے عالمی قانون بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ملک میں معیشت کو سود کی لعنت سے پاک کرنے اور قومی دولت کے تحفظ واستعمال کے لئے اسٹیٹ بنک کی پرانی حثیت بحال کرنے اور آئی ایم ایف کے چنگل سے آزاد کرانے کا بل قومی اسمبلی سے پاس کرانے کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں پارلیمنٹ میں توہین صحابہ کرام واہل بیت عظام بل کی منظوری کے بعد تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ بل کو جلد از جلد سینٹ آف پاکستان سے بھی منظور کرواکر قانون و آئین کا حصہ بنایا جائے۔ اجلاس میں حکومت کی طرف سے سویڈن کے خلاف مذمت کے لئے قومی سطح پر احتجاج کے فیصلے کو سراہا گیا ۔اجلاس میں حکومت سے اپیل کی گئی کہ سویڈن سے سفارتی اور معاشرتی تعلقات فوری طور پر منقطع کئے جائیں۔ اور اس کی مصنوعات پر پابندی عائد کی جائے۔ اجلاس میں پاکستان شریعت کونسل پنجاب کے امیر مفتی نعمان پسروری سیکرٹری اطلاعات پنجاب مولانا امجد محمود معاویہ سیکرٹری مالیات پنجاب مفتی نعمان احمد اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پنجاب حافظ خرم شہزاد بھی شریک ہوئے۔