اسلام آباد (امت نیوز) پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان نے ترقی کی منازل طے کرنی ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس کو ترقی کرنے سے نہیں روک سکتی ، انشاء اللہ۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے یہ بات گرین پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم سب یہاں پاکستان کو ایک بار پھر سر سبز کرنے کیلئے جمع ہوئے ہیں۔ پاکستان کو اللّٰہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ہر طرح کا Potential موجود ہے جو پاکستان کو عروج پر لے جاسکتا ہے۔ مسلمان کے لیے نا امیدی کفر ہے۔ ہم باصلاحیت قوم ہیں لیکن ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم مل کر اسکی ترقی میں حصہ ڈالیں۔
گرین پاکستان سیمینار کی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے قران پاک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا، اللہ کی رحمت سے صرف کافر مایوس ہوتے ہیں۔ مسلمانوں کیلئے دو ہی حالتیں ہیں ، جب اس پر مصیبت آتی ہے تو وہ صبر کرتا ہے اور جب خوشی ملتی ہے تو وہ شکر ادا کرتا ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہم پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے بحیثیت ادارہ مکمل جانفشانی اور قلب و روح کے ساتھ اس مرحلہ کی تکمیل کیلئے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔