اسلام آباد(امت نیوز) وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے عسکری ،قانون نافذ کرنے والے اور دیگر سرکاری اداروں کے افسران کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پرٹارگٹ کرنے کے لئے اپنی خواتین ایجنٹس کو ٹاسک دے دیا ہے۔
مقامی اخبار کی رپورٹ مطابق اداروں کی طرف سے کئے گئے تکنیکی تجزیئےمیڈیا انجنئیرنگ ثبوت حاصل ہوئے ہیں کہ بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کی خاتون ایجنٹ منیشا پٹیل جومہر النساء اور ثناء کے نام سے فیس بک ، ٹوئٹر، وٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹ چلا رہی ہے کابراہ راست بھارتی فوج کے افسر لیفٹننٹ کرنل ہرمیندر سنگھ سے تعلق ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’’را‘‘ کے اس نیٹ ورک نے خاص طور پر پولیس ، رینجرز ، ایف آئی اے، ایف سی اور مقبوضہ کشمیر سے جڑی تنطیموں کی جاسوسی کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کے لئے ٹارگٹ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ محکموں کے حکام کو ٹارگٹ کرنے کا مقصد نادرا اور دیگر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں سے سی ڈی آرز اور ٹارگٹ ڈیٹا حاصل کرنا ہے۔
سوشل میڈیا پر مذکورہ اداروں کے پھنسنے والے افراد انہیں اپنا ایجنٹ یا سورس بنا کر ان کے ذریعے مختلف سرکاری محکموں کی ضروری معلومات حاصل کرنے کے علاوہ نادرا سسٹم سے اہم لوگوں کے خاندانوں کی تفصیلات لی جاتی ہیں اور اس کے بدلے انہیں بھاری رقوم دی جاتی ہیں۔