اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)محکمہ موسمیات نے 13سے 17جولائی تک مون سون بارشوں کے دوسرے اسپیل کی پیش گوئی کردی، اس دوران تیزبارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خطرہ بھی ظاہرکیاگیاہے۔ تفصیلات کے مطابق 12 جولائی سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید مون سون ہوائیں داخل ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 12جولائی کی شام کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔12 جولائی کی شام کشمیر،مری گلیات اسلام آباد راولپنڈی اٹک چکوال جہلم منڈی بہاالدین میں تیز ہواوں اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔13جولائی سے 17جولائی کے دوران گلگت بلتستان،چترال سوات مانسہرہ ایبٹ آباد خوشاب سرگودھا اور مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد راولپنڈی گجرنوالہ لاہور میں موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہے۔سیاحوں کو بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعات سے بچنے کے لیے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔آندھی و تیز و تند ہواؤں کے باعث انفراسٹرکچر اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔