دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب

بھارت کی آبی جارحیت کے بعد پاکستان کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ جاری  ہے، دریائے ستلج میں پانی چھوڑے جانے کے بعد پانی کی سطح بلند ہے، گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا اخراج 48 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا۔
بورےوالا میں دریائےستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہورہی ہے، قریبی دیہاتوں اور آبادیوں سے مکینوں کے انخلا کے لیے اعلانات کیے گئے۔
سیلاب کے باعث ساہوکا، داد جملیرا سمیت متعدد علاقے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، انتظامیہ کی جانب سے فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے۔
دوسری طرف ہیڈ بلوکی کے مقام پر سیلابی پانی کے بہاؤ میں رات سے اضافہ ہوچکا ہے، جبکہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے محکمہ ایریگیشن کی امدادی ٹیمیں ہیڈورکس پر موجود ہیں ۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پرنچلےدرجے کا سیلاب ہے، گنڈا سنگھ کے مقام پر پانی کی آمد 57 ہزار 380 اور اخراج بھی اتنا ہی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج کے علاوہ دریائے راوی، چناب سمیت دیگر دریاؤں میں بھی پانی کا بہاو معمول کے مطابق ہے، پنجاب میں تمام صورتحال کی نگرانی جاری ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کا کہنا ہے کہ تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، دریائے ستلج سے منسلک اضلاع انتظامات کررہے ہیں۔