فائل فوٹو
فائل فوٹو

دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ قوم کے مستقبل کی جنگ ہے،وزیراعظم

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کا تحفظ ہمارا مشن بھی ہے اور ہماری ذمہ داری بھی جو ہمیں اپنی جان سے بڑھ کر عزیز ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ آج ژوب گریژن پر حملے میں 5 سیکیورٹی اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کیا اور کئی اہلکار زخمی ہوئے۔ پاکستان کا دفاع اور سلامتی ہمارے شہداء کے مقدس خون اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ قوم کے مستقبل کی جنگ ہے۔ پچھلی دہائی میں ہماری بہادر افواج اور قوم نے مل کر دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا اور ائندہ بھی اس عفريت کو جَڑ سے اکھاڑنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس ملک کا تحفظ ہمارا مشن بھی ہے اور ہماری ذمہ داری بھی جو ہمیں اپنی جان سے بڑھ کر عزیز ہے۔ میری دعائیں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالی ان مقدس ارواح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دیں اور زخمیوں کو صحت یابی عطا فرمائے۔ آمین