ڈیرہ اسماعیل خان : وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمن صدر مملکت کے امیدوار ہوسکتے ہیں جس کے پاس قومی شناختی کارڈ ہے وہ صدر مملکت بننے کا اہل ہے،اگست میں موجودہ حکومت ختم ہو جائے گی،ہم 14 ماہ کی کارکردگی کے ساتھ آئندہ الیکشن میں جائیں گے،الیکشن کرانا اور تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے،ہم تیار ہیں ،عمران خان تو اپنی حکومت بارے کہتا ہے کہ میری حکومت نہیں تھی۔
بندکورائی گرڈ سٹیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا تھاجب لاڈلہ کی حکومت ختم ہوئی تو پھر خود کہتا تھا کہ حکومت ہماری تھی ہی نہیں بلکہ حکومت کوئی اورچلا رہا تھا۔ عمران خان جب چین گئے تو انہیں کہا کہ ہم میگا پراجیکٹ کے متحمل نہیں ہوسکتے وہاں پر کٹے۔ انڈوں، مرغیوں اور گدھوں کی بات کی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہے ہم ہر وقت تیار ہیں جو میگا پراجیکٹ رکے ہوئے تھے ہم نے دوبارہ شروع کئے ہیں ہم الیکشن میں اپنی ایک سال کی کارکردگی بتائیں گے ،ہم نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالا ہے، مالی ذ خائر کو بڑھایا، آئی ایم ایف کے خراب حالات کو ٹھیک کرکے دوبارہ معاہدہ کرکے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا۔