شاہ محمود قریشی کی ایک اور مقدمہ میں درخواست ضمانت منظور

اسلام آباد(اُمت نیوز)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے نو مئی پر تشدد احتجاج پر تھانہ کھنہ میں درج مقدمہ میں پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج محمد ہارون شاہ نے شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت کی سماعت کی، تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے عدالت کے سامنے پیش ہو کر حاضری لگوائی۔
پی ٹی آئی رہنما کے وکیل علی بخاری نے دلائل مکمل کیے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی پُرتشدد احتجاج کے وقت نہ جائے وقوعہ پر موجود تھے اور نہ انھوں نے کوئی بیان دیا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ عدالت شاہ محمود قریشی کی ضمانت کنفرم کرے، وکیل کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے شاہ محمود قریشی کی ضمانت کنفرم کی اور ایڈیشنل سیشن جج سید محمدہارون نے درخواست ضمانت منظور کرلی۔