وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے دھابیجی سپیشل اکنامک زون منصوبے کا افتتاح کر دیا

کراچی(اُمت نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دھابیجی سپیشل اکنامک زون منصوبے کا افتتاح کر دیا، پراجیکٹ سے بیرونی سرمایہ کاری بھی پاکستان آئے گی۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دھابیجی سپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھ دیا، افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزیر ناصر شاہ، شرجیل میمن، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، قاسم نوید، صادق میمن، جام اویس گہرام، جام عبدالکریم، علی حسن زرداری و دیگر شریک تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک میں تبدیلی کے نام پر تباہی دیکھی ہے اور پیپلز پارٹی کی خدمت بھی دیکھی، آصف زرداری نے جب سی پیک کی بنیاد رکھی تو اس وقت بھی ہم تنقید کے نشانے پر تھے، سابق صدر کی سوچ کی وجہ سے ملک کو معاشی استحکام ملا۔
انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا تصور متعارف کرایا اور ہم نے اس کے تحت کئی منصوبے بنائے، تھر کول کے ذریعے سندھ نے اپنا حصہ ڈالا، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کا تصور پی پی نے متعارف کرایا، پیپلز پارٹی کی حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام کر رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ عوام اور دنیا پیپلز پارٹی کی کارکردگی کو تسلیم کر رہی ہے، عوام تسلیم کر رہے ہیں کہ ہماری جماعت کے خلاف ماضی میں کردار کشی ہوتی تھی، عوام تسلیم کر چکے کہ پیپلز پارٹی کا خدمت کا طریقہ دیگر جماعتوں سے بہتر ہے، مقامی لوگوں کو سب سے پہلے روزگار دینا ہے، ووکیشنل ٹریننگ پر بھی کام کر رہے ہیں، ہم ووکیشنل ٹریننگ میں بھی انویسٹ کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ دھابیجی اکنامک زون سے 1 لاکھ 50 ہزار روز گار کے مواقع یہاں کے نوجوانوں کو میسر ہوں گے، ہماری پہلی ترجیح ملک کو بحران سے نکالنا ہے، میں سب کو دعوت دیتا ہوں آئیں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔
وزیرِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سپیشل اکنامک زون میں دنیا کے ساتھ مل کر چلیں گے، اس معاشی انقلاب کو ٹھٹھہ، کراچی سے شروع کر کے پورے پاکستان میں پھیلائیں گے، ہماری ترجیح ہے کہ اس ملک کے نوجوان کو بیروزگاری سے نکالنا ہے۔