کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیراہتمام معروف آرٹسٹ حمیرسومرو کی آرٹ ایگزیبیشن Glorious Heritage of Karachi کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیا گیا ۔ایگزیبیشن کا افتتاح میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ کیا۔اس موقع پر امریکن قونصل جنرل Nicole Theriot بھی موجود تھی ۔مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نمائش سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حمیر سومرو کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ماضی کے کراچی کو اپنے آرٹ کے ذریعے زندہ کیا ہے ۔ہمارا کراچی کتنا خوبصورت تھا یہ بتایا ہے۔ہمارا تاریخی ماضی ہے جو ان تصاویر میں نظر آ رہا ہے۔اس خوش گوار کراچی کو ایک بار پھر بنانے کی کوشش کی ہے۔احمد شاہ جس طرح آرٹ کو فروغ دینے کے لیے کام کرتے ہیں۔میں بھی اپنے قلم اور طاقت کے ذریعے شہر کو خوبصورت بنانے کا وعدہ کرتا ہوں۔ہمیں کراچی کس حال میں ملا تھااور ہم نے اس کے ساتھ کیا کیا۔وہ کراچی جو ہم سب کا تھا ۔ اسی کی دہائی کے بعد چھپ گیا ہے۔ہمارے شہر میں سب کچھ ہے۔ضرورت صرف اس مثبت سوچ کو ابھارنے کی ہے۔ہمارا وقت توبرا گزر گیا لیکن ہماری آنے والی نسلیں خوبصورت کراچی دیکھیں گی۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے نمائش سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ حمیر سومرو کا خوبصورت آرٹ یہاں نمائش کے لئے آویزاں ہے۔کراچی پہلے کیسا تھا حمیر سومرو نے خوبصورتی سے اپنے فن پاروں میں بیان کیا ہے۔واٹر کلر کا ایسا کام پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ان میں پارسی ،ہندو، مسلم آرکیٹیک نظر آتا ہے۔کراچی کی خوبصورتی کو واپس لانے کے لیے آپ نے نوجوان مئیر کو منتخب کیا ہے۔ہمیں آپ سے محبت ہے اور یقین بھی ہے کہ اپ اس شہر کی روشنیں واپس لائیں گے۔امریکی قونصل جنرل Nicole Theriot نے نمائش سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی نے زبردست نمائش کا انعقاد کیا ہے۔مجھے یہاں آ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے۔حمیر سومرو نے نہایت خوبصورت انداز سے کراچی کی تاریخ کو اپنے فن کے ذریعے بیان کیا ہے۔ مجھے کراچی شہر سے محبت ہے۔
حمیر سومرو نے نمائش سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصاویر ان عمارات کی ہیں جو کچھ تو چلی گئی ہیں۔کچھ بچ گئیں ہیں۔مرتضی وہاب سے گزارش ہے کہ جو عمارتیں بچ گئیں ہیں انہیں محفوظ کیا جائے۔امید ہے کہ مرتضیٰ وہاب اس کوشش میں ہمارا ساتھ دیں گے۔یہ سب کو ساتھ لے کر چلنے والے ہیں۔حمیر سومرو نے کراچی کی شاندار تاریخی عمارات کو واٹر کلرز کے ذریعے کینوس پر قید کیا ہے۔نمائش میں آویزاں فن پارے شہر قائد کے تاریخی اہمیت بتاتے نظر آتے ہیں۔