اسلام آباد(اُمت نیوز)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف غیرشرعی نکاح کیس قابلِ سماعت قرار دے دیا۔
عدالت نے چیر مین پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کو 20 جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیے۔
سول جج قدرت اللہ نے گزشتہ وکلا کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ کرلیا تھا جو آج سنا دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کے غیرشرعی نکاح کیس میں درخواست گزار وکیل رضوان عباسی نے درخواست پردلائل دیے تھے۔
یاد رہے کہ عمران خان کیخلاف دوران عدت نکاح کا مقدمہ چند روز پہلے دوبارہ کھل گیا، 13 جولائی کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے سیشن جج اعظم خان نے چئیرمین پی ٹی آئی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس پر دائر اپیل منظور کرلی تھی۔
فاضل عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس قابل سماعت قرار دیتے ہوئے سول جج نصر مِن اللہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا، اور فیصلہ ریمانڈ بیک کرکے سول کورٹ کو دوبارہ سننے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ سول جج نصرمِن اللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس ناقابلِ سماعت قرار دیا تھا، جج نصرمِن اللہ کی عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ دوران عدت نکاح کا معاملہ عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔