چیف جسٹس عامر فاروق نے آج سینئر سول جج انعام اللہ کو ہائیکورٹ طلب کیا تھا، فائل فوٹو
چیف جسٹس عامر فاروق نے آج سینئر سول جج انعام اللہ کو ہائیکورٹ طلب کیا تھا، فائل فوٹو

توشہ خانہ کیس، عمران خان کی عدم اعتماد کی درخواستیں مسترد

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عدم اعتماد کی درخواستیں مسترد کردیں اور چیئرمین پی ٹی آئی کو 20جولائی کیلئے ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی ۔

قبل ازیں دوران سماعت توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جج ہمایوں دلاور پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا تھا، اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ آپ کے نام کا فیس بک اکاؤنٹ ہے جہاں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف پوسٹیں لگی ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج نے اپنا فیس بک اکاؤنٹ ہونے کی تصدیق کر دی، جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیئے کہ فیس بک اکاؤنٹ میرا ہی ہے، لیکن پوسٹیں میری نہیں، آپ کو نہیں چاہیے تھا اس کی فرانزک کروا کر اعتراض اٹھاتے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میں نے ساری چیزیں فیس بک اکاونٹ پر دیکھیں، بعد میں وہ لاک ہو گیا۔ فیس بک اکاونٹ سے ملک کے بڑے لیڈر کے بارے میں کیا کیا کہا گیا۔ انہوں نے تصاویر بھی عدالت کے سامنے پیش کر دیں۔

فاضل جج نے استفسار کیا کہ آپ اس معاملے کو کسی ایسے فورم پر کیوں نہیں لے جاتے جہاں تحقیقات ہوں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آپ نے تسلیم کر لیا، فیس بک اکاونٹ آپ کا ہے، جو اب بند ہو چکا ہے۔ جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دیے کہ ابھی انکوائری چل رہی ہے۔ بیرسٹر گوہر کی  جانب سے عدم اعتماد کی درخواست دائر کردی گئی جبکہ آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کی، عدالت نےدونوں درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔