اسلام آباد(اُمت نیوز)فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کے کیس میں اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعہ پر فوج نے لچک کا مظاہرہ کیا۔
سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
اٹارنی جنرل نے 9 مئی واقعات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کور کمانڈر ہاؤس لاہور ، میانوالی ، سیالکوٹ ، راولپنڈی ، بنوں میں واقعات پیش آئے، پی ایف بیس میانوالی کی باؤنڈری دیوار کو نشانہ بنایا گیا، جہاں میراج فائٹر طیارے موجود تھے، حمزہ کیمپ آئی ایس آئی آفس راولپنڈی، سگنل میس اور اے ایف آئی سی ، چکلالہ راولپنڈی پر بھی حملے ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں آئی ایس آئی دفتر میں ملوث افراد مسلح تھے، 62 واقعات صرف پنجاب میں پیش آئے، جن میں 198 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 250 لوگ زخمی ہوئے، نو مئی واقعات میں مجموعی طور پر 2.5 بلین روپے کا نقصان ہوا۔
اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ فوج ہتھیار چلانے میں مکمل تربیت یافتہ ہوتی ہے، 9 مئی کے واقعہ پر فوج نے لچک کا مظاہرہ کیا۔