صحافی تنظیموں نے پیمرا ترمیمی بل 2023 کو مسترد کردیا

کراچی : کراچی پریس کلب میں منعقدہ صحافی تنظیموں کے ایک اہم اجلاس نے وزیراطلاعات کی جانب سے آزادی صحافت پرقدغن لگانے اورصحافیوں کی آوازدبانے کیلئے متعارف کرائے گئے پیمرا ترمیمی بل 2023 کے مسودہ پر غوروخوض کے بعد اسے یکسرمسترد کردیا اورقرارداد میں مطالبہ کیا کہ حکومت سپریم کورٹ کے قائم کردہ دو رکنی میڈیا کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں پیمرا کی تشکیل نو کرکے اسکو آزاد اوربااختیارادارہ بنائے۔

کراچی پریس کلب کے صدرسعید سربازی کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں،سینئرصحافی مظہرعباس نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 19 کا تمام حکومتوں کی طرف سے غلط استعمال کیا جاتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ اس پرنظرثانی کی جائے،جی ایم جمالی نے کہا کہ اس بل کو یکسرمسترد کرتے ہیں،اے ایچ خانزادہ نے پیمرا ترمیمی بل کیخلاف بھرپورمہم چلانے کا مطالبہ کیا۔